عبدالقادر کو دنیا سے رخصت ہوئے ایک برس بیت گیا

September 06, 2020

گگلی ماسٹر عبدالقادرکو دنیا سے رخصت ہوئے ایک برس بیت گیا، جادوگر لیگ اسپنر عبد القادر نے 1977ء میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور پھر ایسی شاندار کرکٹ کھیلی کہ شہرت کی بلندیوں کو چھونے لگے۔

عبدالقادر نے دنیائے کرکٹ میں لیگ اسپن بولنگ کا فن متعارف کرایا، انہوں نے لیگ اسپن میں اس قدر مہارت حاصل کی کہ اس شعبے کو ان کے تذکرے کے بغیر نامکمل سمجھا جاتاہے۔

عبدالقادر نے 67 ٹیسٹ میچوں میں 236 اور 104 ایک روزہ میچوں میں 132 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

اپنوں میں باؤ جی کے نام سے موسوم عبدالقادر دلکش شخصیت کے مالک تھے، باؤ جی کے سب سے چھوٹے بیٹے عثمان قادر کا کہنا ہے کہ وہ والد کی خواہش کے مطابق سینے پر پاکستان کا اسٹار سجانا چاہتے ہیں۔

عبدالقادر کے بیٹے سلمان قادر کہتے ہیں کہ اپنے والد کی میراث کو آگے بڑھانا اور ان کے خواب کی تکمیل میں گراؤنڈ بنانا ان کا مشن ہے۔

لیگ اسپنر عبدالقادر 15ستمبر 1955ء کو لاہور میں پیدا ہوئے، وہ ایک برس قبل 6 ستمبر کو حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے تھے۔