8 ستمبر پاک بحریہ کے شہداء اور غازیوں کو سراہنے کا دن ہے، سربراہ پاک بحریہ

September 08, 2020

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ8 ستمبر کا دن پاک بحریہ کے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں اور جذبے کو سراہنے کا دن ہے۔

یوم ِبحریہ 2020 کے موقع پر اپنے پیغام میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ یہ دن ہمیں اپنے اسلاف کے کارناموں اور کامیابیوں کی یاد دلاتا ہے، آپریشن دوارکا ہماری قومی تاریخ کی عظیم فتح ہے۔

امیر البحر نے کہا کہ پاک بحریہ کے جہازوں نے ہندوستانی بندرگاہ دوارکا پر حملہ کرکے ہندوستانی ریڈار اسٹیشن تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ دشمن کا غرور بھی خاک میں ملا دیا۔

نیول چیف کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کی واحد آبدوز غازی نے جنگ کے دوران پوری بھارتی نیوی کو بھارتی بندرگاہوں میں مقید رکھا۔

امیر البحر نے کہا کہ آج پاکستان نیوی خطے میں ایک مضبوط بحری قوت کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔

سربراہ پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ عالمی بحری افواج کے ساتھ مل کر اور ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کے ذریعے عالمی پانیوں میں امن و استحکام کو یقینی بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تناظر میں پاکستان نیوی اپنی بڑھتی ہوئی ذمہ داریوں میں اہم کردار نبھانے کیل ے تیار ہے،سمندری سرحدوں کے دفاع کے ساتھ ساتھ پاکستان نیوی میری ٹائم سیکٹر اور بلیواکانومی کے فوائد ملک و قوم تک پہنچانے کیل ے بھی پرعزم ہے۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوی سمندری تحقیق میں تعاون کے علاوہ سمندر میں ہائیڈروکاربن وسائل کی تلاش کیلئے مدد فراہم کر رہی ہے۔

نیول چیف نے کہا کہ آج کے دن پاک بحریہ کے آفیسرز اور جوان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوننے کہا کہ پاک بحریہ کے تمام آفیسرز اور جوان اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کےخون کے آخری قطرے تک اپنے مادر وطن کا دفاع کریں گے۔