جو ایجنڈے پر پورانہیں اترینگے اسے جانا ہوگا، صداقت علی عباسی

September 09, 2020


کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام’’ آپس کی بات‘‘ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا ہے کہ جو ایجنڈے پر پورا نہیں اتریں گے اسے جانا ہو گا،ن لیگ کی رہنما عظمٰی بخاری نے کہا کہ آئی جی کو جس طرح سبکی کے ساتھ بھیجا گیا وہ بڑی تشویشناک بات ہے ،اینکرپرسن منصور علی عباسی نے کہا کہ ن لیگ والے جانتے ہیں ان کے اپنے دور میں پنجاب میں کیا ہوتا رہا ہے، رہنما تحریک انصاف صداقت علی عباسی نے کہا کہ شکایت لگائی بھی جاتی ہے اور شکایت میرٹ پر بھی ہوسکتی ہے اور نہیں بھی ہوسکتی جس کی شکایت لگائی جاتی ہے اس کا فیصلہ ہوتا ہے کہ شکایت لگانے والا غلط ہے یا جسکی شکایت کی جارہی ہے وہ غلط ہے۔ افسر ایماندار ہیں لیکن جس ایجنڈے پر سب نے کام کرنا ہے اگر وہ اس پر پورا نہیں اتریں گے تو اسے جانا ہوگا اور آنا جانا لگا رہے گا۔عہدہ سے زیادہ اپروچ میٹر کرتی ہے ۔ رہنما مسلم لیگ نون عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سلیکشن بورڈ نے عمر شیخ کو مسترد کیا ان کی پروموشن کو ان پر جو الزامات لگائے گئے وہ بتائے بھی نہیں جاسکتے ان تمام باتوں کے باوجود عمران خان عمرشیخ نامی شخص کو لے کر آئے، آئی جی کو جس طرح سبکی کے ساتھ بھیجا گیا جو بڑی تشویشناک بات ہے ، پولیس کو عظیم فورس بنانے کا دعویٰ کس نے کیا تھا عمران خان نے کیا تھا۔عمر شیخ کوبغیر کسی مشاورت کے شہزاد اکبر کی پرچی پر لگایا گیا ہے۔اینکرپرسن منصور علی عباسی نے کہا کہ دو سال پورے ہونے پر عثمان بزدار نے ایک فنکشن کیا تھا وہاں ایک کتاب تمام صحافیوں کو دی گئی جس میں پولیس کا باب میں نے دیکھا جس میں چار صفحات پر پنجاب پولیس کے حوالے سے بہت تعریفیں لکھی ہوئی تھیں وہ یقیناً سارے کارنامے آئی جی کے کھاتے میں جانے چاہئیں لیکن اب کیا ایسی بات ہوگئی۔