بیروت کی بندرگاہ پر تیل کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی

September 10, 2020

لبنان کے دارالحکومت بیروت کی بندرگاہ پر دھماکوں کے ایک ماہ بعد پورٹ پر موجود ٹائروں اور تیل کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی، آگ کا دھواں شہر میں دور دور تک دیکھا گیا۔

حکام کے مطابق آگ سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، متاثرہ علاقے کے کچھ لوگوں کو سانس لینے میں دشواری کی شکایت ہوئی ہے۔

آگ ڈیوٹی فری زون میں واقع ایک ماہ پہلے کے دھماکوں میں تباہ شدہ گودام میں محدود پیمانے پر لگی۔

حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات ابھی معلوم نہیں ہو سکیں، فوجی ہیلی کاپٹر اور فائر فائٹرز نے آگ بجھانے میں حصہ لیا۔

بیروت کی بندرگاہ پر چار اگست کے دھماکوں میں دو سو کے قریب افراد جاں بحق ہوئے تھے۔