• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیروت دھماکوں میں ہلاک افراد کی تعداد 78 ہو گئی

لبنان کے دارالحکومت بیروت کی بندرگاہ میں دھماکوں سے ہلاک افراد کی تعداد 78 ہوگئی ہے جب کہ تین ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔ دھماکے سے چوبیس کلو میٹر دور تک کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کی وجہ سے اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

یہ بھی دیکھیے: بیروت کی بندرگاہ میں دھماکوں سے  تین ہزار سے زائد افراد زخمی


لبنان کے وزیراعظم حسن دیاب نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے اس گودام میں ہوئے جہاں 2785 ٹن ایمونیم نائٹریٹ رکھا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں کہ چھ برس سے یہ مواد وہاں کیسے موجود تھا۔

لبنانی وزیر اعظم نے آج یوم سوگ کا اعلان کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ دھماکے کے ذمے داران کو قیمت چکانا ہوگی۔

دھماکے اس قدر شدید تھے کہ میلوں دور تک عمارتیں لرز اٹھیں اور بندرگاہ کے علاقے میں کئی گاڑیاں اڑ کر عمارتوں کی تیسری منزل پر جاگریں۔ بیروت کے گورنر نے اسے ہیروشیما جیسی تباہی قرار دیا ہے۔

تازہ ترین