غیر قانونی، کمزور عمارتوں کیخلاف فوری کارروائی ہوگی: کمشنر کراچی

September 13, 2020

کمشنر کراچی سہیل راجپوت کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں فوری طور پر غیر قانونی اور کمزور عمارتوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

کراچی کے کمشنر سہیل راجپوت نے لیاری کے علاقے میں گرنے والی عمارت کی جگہ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر کمشنر کراچی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں موجود غیر قانونی اور کمزور عمارتوں کو خالی کروایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمارتیں خالی کرانے کے بعد رہائشیوں کو بدلے میں امداد دی جائے گی، متاثرین کی امداد کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر اقدامات کر رہے ہیں۔

کمشنر کراچی سہیل راجپوت کا یہ بھی کہنا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف گرینڈ آپریشن کرنے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں ایک ہفتے میں عمارت گرنے کا دوسرا واقعہ پیش آیا ہے، لیاری کے علاقے بہار کالونی میں کوئلہ گودام کے قریب ایک منزلہ عمارت گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیئے: 10 بار بلڈنگ خالی کروائی، پھر لوگ آ گئے: ڈی سی ساؤتھ

حادثے میں 12 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہناہےکہ عمارت میں مزدور رہائش پذیر تھے، نئی عمارت کی تعمیر کے لیے شاؤل چلنے سے گرنے والی عمارت مخدوش ہوگئی تھی، ایک اور عمارت بھی دراڑیں پڑنے پر خالی کرالی گئی ہے۔