متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث احسان سنڑے 3 ساتھیوں سمیت ہلاک

September 13, 2020

سیکیورٹی فورسز نے ایک آپریشن میں دہشت گرد کمانڈر احسان سنڑے کو 3 ساتھیوں سمیت ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے غڑیوم میں آپریشن کیا۔

آپریشن میں دہشت گردی کی کئی وارداتوں کا ماسٹر مائنڈ احسان سنڑے اپنے ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق احسان سنڑے حال ہی میں شکتو کے علاقے میں دہشت گرد حملوں میں ملوث تھا۔

یہ دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان میں بھی ملوث تھا اور سی ٹی ڈی پولیس کو بھی مطلوب تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق احسان سنڑے کے حملوں میں لیفٹیننٹ ناصر اور کیپٹن صبیح سمیت پاک فوج کے کئی جوان شہید ہوئے تھے۔