• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر شہ رگ ہے، کوئی یکطرفہ فیصلہ تسلیم نہیں، آرمی چیف


آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بانی پاکستان نے کشمیر کو شہ رگ قرار دیا، کشمیر سے متعلق کوئی بھی یکطرفہ فیصلہ تسلیم نہیں کرتے۔

جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر فوجی اعزازت دینے کی تقریب سے خطاب میں آرمی چیف نے ہمسائیہ ملک بھارت کو غیر ذمہ دار قرار دیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہمسائیہ ملک بھارت نے ہمیشہ کی طرح غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کر رکھا ہے، اس نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا غیر قانونی اقدام کیا اور خطے کے امن کو ایک بار پھر شدید خطرات سے دوچار کر دیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے، جس پر کوئی بھی یکطرفہ فیصلے تسلیم نہیں کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں نئے حاصل شدہ اسلحے کے انبار سے مرعوب کیا جاسکتا ہے نہ ہی ہم پر کوئی دھمکی اثر انداز ہوسکتی ہے، افواج پاکستان قوت سے لیس، چوکنا اور باخبر ہیں۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ وقت ہمیں کئی بار آزما چکا ہے اور ہم ہر بار سرخرو ہوئے، انشاء اللّٰہ دشمن کی کسی بھی حرکت کا فوری اور پوری قوت سے جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان زندہ حقیقت ہے، ہمارا خون، جذبہ اور عمل ہر محاذ پر اس کی گواہی دے گا، پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن ہم پر جنگ تھوپی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بھی کہا کہ اس کا مظاہرہ بالاکوٹ کے ناکام حملے کے جواب میں دیا، اس لیے دشمن کو کوئی شک نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ مملکت پاکستان اور عظیم پاکستانی قوم ایک علیحدہ اسلامی تشخص کے نظریے کی علمبردار ہے، ہم پوری دنیا بالخصوص اپنے خطے کے امن کے خواہاں ہیں، افغانستان میں امن کی کوششوں میں پاکستان کا کلیدی کردار منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کا دن ہماری تاریخ کا ایک لازوال باب ہے، اس دن ہم نے یکجہتی، وطن سے محبت، قربانی اور بہادری کی بے شمار داستانیں رقم کیں۔

آرمی چیف نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی قوم کے لیے 6 ستمبر صرف ایک دن نہیں بلکہ ہمارے حوصلے کی پہچان بھی ہے، یہ دن 1948، 1965، 1971، کارگل کی جنگ کے شہیدوں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے اپنے سے کئی گنا بڑے دُشمن کو شکست دی تھی، آج بھی دُشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، آج بھی ہم اپنی آزادی کی حفاظت اپنے خون سے کر رہے ہیں۔

تازہ ترین