کراچی: غیر ملکی خاتون کی خودکشی قتل قرار، شوہر گرفتار

September 14, 2020

کراچی کے علاقے کلفٹن میں 10 روز قبل غیر ملکی خاتون کے قتل میں ملوث اسکے شوہر اور ملازم کو گرفتار کرلیا گیا، پہلے قتل کو خودکشی کا رنگ قرار دینے کی کوشش کی گئی تھی ۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن بشیر بروہی کے مطابق 10 روز قبل کلفٹن بلاک 5 میں غیر ملکی خاتون کے قتل کا معمہ حل ہوگیا اور قتل میں ملوث 80 سالہ مکان مالک اور اسکے ملازم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

خاتون کو اس کے شوہر نے اپنے ملازم کی مدد سے قتل کیا، قازقستان سے تعلق رکھنے والی خاتون سے حال میں ہی ملزم نے نکاح کیا تھا، اس سے قبل 2004 ء سے مقتولہ ملزم کی خدمت پر مامور تھی۔

نکاح کے بعد خاتون نے گھر نام کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس پر ملزم نے ملازم کی مدد سے خاتون کو قتل کر دیا، قتل کے واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی تھی۔

پہلی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی واقعے کو خود کشی ہی قرار دیا گیا تھا، تفتیشی افسر کی درخواست پر دوبارہ پوسٹ مارٹم اور میڈیکل ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، تفتیش مکمل ہونے کے بعد خاتون کا گلا گھونٹ کر قتل قرار دیا گیا۔