کورونا کی دوسری لہر، اسرائیل میں دوبارہ لاک ڈاؤن

September 14, 2020

اسرائیل میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث بڑھتے کیسز کے پیش نظر قومی سطح پر ایک مرتبہ پھر لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔

دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے اعلان کے بعد اسرائیل دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جہاں دوبارہ قومی سطح پر لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا گیا ہے، ملک میں جمعے سے نافذ کیے جانے والا لاک ڈاؤن 3ہفتوں تک جاری رہے گا۔

گزشتہ روز اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا ٹی وی پر کیے گئے خطاب میں کہنا تھا کہ یقیناً اس اقدام کی ہم سب کو بھاری قیمت ادا کرنا ہو گی لیکن ملک میں یومیہ چار ہزار سے زائد متاثرین سامنے آنے کے بعد اس فیصلے کا کیا جانا ضروری ہے۔

وزیر اعظم نیتن یاہو کے اس اقدام کے پیش نظر یہودیوں کی سال نو کی مذہبی تقریبات بھی متاثر ہوں گی اور اس وجہ سے ایک اسرائیلی وزیر نے احتجاجاً اپنے عہدے سے استعفیٰ بھی دےدیا ۔

واضح رہے کہ یہودی مذہب کے تحت ان کا سب سے مقدس مذہبی تہوار یوم کپر 27 ستمبر کو منایا جا تا ہے۔