میرے متعلق کہانی گھڑ کر خود ساختہ کیس بنایا گیا ہے، جہانگیر ترین

September 17, 2020


پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے میرے متعلق کہانی گھڑ کر خود ساختہ کیس بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئیے: شکر کی برآمد سے مستفید ہونے والوں میں سرفہرست جہانگیر ترین

جہانگیر ترین نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے ) کی جانب سے طلبی پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایف آئی اے کے تمام الزامات بے بنیاد اور جھوٹ ہیں، میرے متعلق کہانی گھڑ کر خود ساختہ کیس بنایا گیا ہے ۔

جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ انکوائری کمیشن کا مقصد چینی کی قیمت میں اضافے کی وجہ معلوم کرنا تھا، ایف آئی اے جن الزامات پر بلا رہا ہےان کا چینی کی قیمت سے تعلق نہیں۔

انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے مزید کہا ہے کہ سالوں پہلے کی گئی ٹرانزیکشنز کا چینی کی قیمت میں حالیہ اضافے سے کیا تعلق؟ ملک بھر میں 80 سے زائد شوگر ملز کام کر رہی ہیں ٹارگٹ صرف ہماری مِل کو کیا جا رہا ہے۔

جہانگیر ترین کا اپنے بیٹے علی ترین سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرے بیٹے علی ترین کو بھی بلا وجہ اس کیس میں گھسیٹا جا رہا ہے، میرے بیٹے کوجے ڈی ڈبلیوانتظامیہ سے کوئی تعلق نہیں۔

جہانگیرترین نے کہا ہے کہ علی ترین نہ موجودہ بورڈ کا ممبر ہے اور نہ ہی کبھی ماضی میں کسی عہدے پر رہا، میرا مکمل موقف اور تفصیلات جلد ایف آئی اے کو جمع کرا دی جائیں گی۔