حکومت برطانیہ کا منشیات فروشی کے منظم گروہوں کیخلاف سخت مہم چلانے کا فیصلہ

September 18, 2020

لندن (وجاہت علی خان) حکومت نے منشیات فروشی کے منظم گروہوں کے خلاف سخت مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے، ہوم سیکرٹری پریتی پٹیل نے کہا ہے کہ وہ منشیات کے گینگ لیڈروں کو متنبہ کرتی ہیں کہ ہم ان کے پیچھے آرہے ہیں اور حکومت اس قسم کے جرائم پیشہ افراد کے ساتھ سختی سے نمٹے گی، اس سلسلہ میں ہوم سیکرٹری نے گزشتہ بدھ کو جنوبی لندن کے علاقہ برکسٹن میں پولیس کے چھاپے اور کارروائی کا تفصیلی معائنہ کیا، پولیس نے اس نئی مہم کو’ کائونٹی لائن آرگنائزز ‘کیخلاف آپریشن کا نام دیا ہے، ملک بھر کے بڑے شہروں میں منشیات فروشوں کے گروہوں اور ان کے لیڈروں کے خلاف آپریشن کیلئے حکومت نے 35 ملین پونڈ کی اضافی رقم فراہم کی ہے جس کے بعد سے اب تک 2,600افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے میڈیا کو بتایا کہ حکومت پُرعزم ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ’’سانپ کا سر‘‘ کچلنے کیلئے اس کے پیچھے ہیں خصوصاً ان افراد کے جنہوں نے عام لوگوں کے ساتھ متشدد کارروائیاں کیں۔ ہوم سیکرٹری نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ افراد کو میرا واضح پیغام ہے کہ اپنے گھنائونے جرائم سے باز آئیں ورنہ اب ان کا بچنا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا12 سال سے کم عمر بچوں کو اس قسم کے گینگ نام نہاد ’’کائونٹی لائنز‘‘ کے ذریعہ لندن، برمنگھم اور مانچسٹر جیسے بڑے شہروں اور دیہات میں بھی استعمال کرتے ہیں اور یہ گروہ اپنی کارروائیوں کو مزید بڑھانے کیلئے مزید نوجوانوں کو بھرتی کررہے ہیں کیونکہ چھوٹے بچوں پر زیادہ شبہ نہیں کیا جاتا، حکومتی اعدادو شمار کے مطابق منشیات فروش گروہ اپنی کارروائیوں کیلئے انگلینڈ بھر میں تقریباً 2000 روٹس استعمال کررہے ہیں اور حیرت انگیز طور پر منشیات کی یہ انڈسٹری ایک دن میں 3 ملین پونڈ کی ترسیل کرتی ہے۔