اسکاٹ لینڈ کی معیشت میں ریکارڈ تنرلی آگئی

September 18, 2020

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ کی معیشت میں گزشتہ سہ ماہی کے دوران ریکارڈ تنزلی واقع ہوئی ہے اور یہ 19.8 فیصد یعنی تقریباً پانچواں حصہ سکڑی ہے۔ معیشت میں تنزلی کی وجہ کورونا وائرس کے اثرات ہیں۔ مجموعی طور پر برطانوی معیشت میں اس عرصے کے دوران 20.4فیصد کمی ہوئی، اس سہ ماہی کے دوران اسکاٹ لینڈ میں بے روزگاروں کی تعداد نہایت ہی معمولی اضافے یعنی 0.1فیصد کے ساتھ ایک لاکھ اٹھائیس ہزار یا 4.6 فیصد تک چلی گئی ہے اور یہ شرح یوکے کے 4.1فیصد سے زیادہ ہے۔ بے روزگاری کے یہ اعدادوشمار اگرچہ تیکنیکی لحاظ سے تو بالکل درست ہیں لیکن عملی صورتحال اس کے بالکل برعکس ہے کیونکہ فرلو سکیم نے ابھی ملازمتوں کو مصنوعی طور پر سہارا دے رکھا ہے، اور ایسے لوگ جو کام نہیں کررہے ان کو بھی بے روزگار نہیں گنا جارہا، بے روزگاروں کی اصل تعداد صرف اسی وقت سامنے آئے گی جبکہ اکتوبر میں فرلو سکیم کا خاتمہ ہوگا اور اصل میں یہ شرح 8 سے لیکر 12 فیصد تک ہوسکتی ہے۔