قومی اسمبلی کی کارروائی اردو میں نشر کی جائے،شیخ سربلند

September 18, 2020

لندن (جنگ نیوز) سماجی شخصیت شیخ سربلند نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی قومی زبان اردو ہے لیکن قومی اسمبلی میں تقریباً تمام کارروائی انگریزی میں کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کی کارروائی کو ملک بھر میں ٹی وی کے ذریعے نشر بھی کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں آخر کتنے لوگ انگریزی سمجھتے ہیں جو وہ اس کارروائی کو سمجھ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان میں تمام اداروں میں قومی زبان کو فروغ دیا جائے اور اس پر فخر بھی کیا جائے۔ شیخ سربلند نے کہا کہ انگریزوں سے آزادی کے باوجود ہماری قوم آج بھی احساس کمتری میں مبتلا نظر آتی ہے۔ مدینہ کی ریاست کی دعویدار حکومت کو چاہئے کہ وہ قومی اسمبلی کی کارروائی کو اردو میں کرنے کا حکم جاری کرے تاکہ عام لوگ بھی اس بات کو سمجھ سکیں کہ ملک میں ہو کیا رہا ہے۔