ڈھوک کشمیریاں قبرستان عدم توجہی کے باعث جنگل کا منظر پیش کرنے لگا

September 19, 2020

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) یونین کونسل23 ڈھوک کشمیریاں میں ہائی سکول سے متصل قبرستان انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث جنگل کا منظر پیش کر رہا ہے۔ خودرو پودوں اور طرح طرح کی قدآور جھاڑیوں کی وجہ سے قبرستان مختلف اقسام کے حشرات الارض کا مسکن بن چکا ہے جس کی وجہ سے اہل محلہ کے ساتھ ساتھ اپنے پیاورں کی فاتحہ کیلئے دور دراز سے آنے والے شہری بھی پریشان ہیں۔ بڑھتی ہوئی گندگی اور جھاڑیوں کے باعث قبرستان میں مچھروں کی بہتات ہو چکی ہے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ایک طرف ضلعی انتظامیہ ڈینگی سے بچائو کیلئے گھر گھر جا کر ایک ایک چیز کا معائنہ کر رہی ہے اور حکومتی ہدایات پر عمل نہ کرنے والوں کیخلاف مقدمات درج کروائے جا رہے ہیں مگر دوسری طرف ڈینگی کی نرسری کو تلف کرنے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا جا رہا۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ بارہا میونسپل کارپوریشن کے دفتر جا کر انہیں درخواستیں دیں اور لوگوں کی پریشانی سے آگاہ کیا مگر کوئی ٹس سے مس ہونے کو تیار نہیں۔ اہل محلہ نے کمشنرو ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ازخود صورتحال کا نوٹس لیکر ذمہ داران سے باز پرس کریں۔