لاہور اور پشاور میں احتجاجی مظاہرے، میر شکیل الرحمان کی رہائی کا مطالبہ

September 20, 2020

لاہور اور پشاور میں احتجاجی مظاہرے، میر شکیل الرحمان کی رہائی کا مطالبہ

لاہور، پشاور، سکھر (نمائندگان جنگ) ایڈیٹر انچیف جنگ وجیو گروپ میر شکیل الرحمان کی نیب کے ہاتھوں غیر قانونی گرفتاری کیخلاف ہفتہ کے روز بھی لاہور اور پشاور سمیت کئی چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا ،اس موقع پر مقررین نے کہا کہ میر شکیل الرحمان دنیا بھر میں سچ کی آواز اورصحافت کا روشن باب ہیں، آزادی صحافت کیلئے ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائیگی،صحافیوں نے ہمیشہ آمریت، ظلم اور ناانصافی کیخلاف جدوجہد کی ہے، لاہور میں ڈیوس روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں سینئر صحافیوں جنگ، جیو، دی نیوز، آواز کے ورکرز ودیگر شعبہ زندگی سے افراد نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں مقررین نے کہابغیر مقدمہ بیگنا قید کئے گئے میرشکیل الرحمان کبھی جھکے ہیں اور نہ ہی آئندہ ایسا ہوگا، میر شکیل الرحمٰن کی غیر قانونی گرفتاریہفتہ کےروز پشاور میں جنگ گروپ کے دفاتر کے باہر احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا جسکی قیادت جنگ کےارشد عزیز ملک کر رہے تھے ، مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر میر شکیل الرحمان کی گرفتاری ، آزادی صحافت پر حکومتی پابندیوں اور کارکن صحافیوں کے بدترین معاشی قتل عام کے خلاف نعرے درج تھے،ارشد عزیز ملک نے خطاب کرتے ہوئے میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کی مذمت کی اور کہاکہ صحافیوں نے ہمیشہ آمریت، ظلم اور ناانصافی کیخلاف جدوجہد کی ہے جس کیلئے انہیں قید و بند کی صعوبتوں کا سامنا کرنا پڑا ، کوڑے کھائے اور اپنی نوکریوں کی قربانی دی، صحافی آج بھی ملک میں حق و سچ کی آواز بلند کررہے ہیں، دریں اثناءتنظیمات اہلسنت سکھر کے چیئرمین مشرف محمود قادری نے میر شکیل الرحمان کی نیب کے ہاتھوں بلاجواز غیر قانونی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے، ایک بیان میں مشرف محمود قادری نے کہا کہ میر شکیل الرحمان 190 دن سے پابند سلاسل ہیں ان کے خلاف حکومت انتقامی کاروائی کررہی ہے جو قابل مذمت ہے۔