پرنس چارلس اپنے پوتے آرچی سے زوم کال پر پابندی سے رابطے میں رہتے ہیں

September 21, 2020

برطانوی شاہی خاندان کے سینیئر رکن اور ولی عہد سلطنت شہزادہ چارلس کو اپنے سب سے چھوٹے پوتے آرچی کے ساتھ کچھ زیادہ وقت گزارنے کا موقع نہیں ملا۔

تاہم میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں کہ اگر جسمانی طور پر نہیں تو دوری سے ہی دونوں کے درمیان (یعنی دادا اور پوتے میں) تعلق قائم رہے۔

شاہی محل سے باہر آنے والی تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مستقبل کے برطانوی بادشاہ پابندی سے اپنے الگ ہوجانے والے بیٹے، بہو اور اپنے پوتے آرچی ماؤنٹ بیٹن ونڈسر سے زوم پر گفتگو اور ملنے کا اہتمام کرتے ہیں۔

اس ہفتے ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس نے شہزادہ ہیری کی 36ویں سالگرہ پر بڑی بے تابی سے پرنس چارلس اور ملکہ الزبتھ ثانی سے ویڈیو کال پر گفتگو کی تھی۔ اس کال کے وسط میں شہزادہ ہیری نے موم بتیاں روشن کیں اور اپنی سالگرہ کا کیک کاٹا جو کہ میگھن نے خود تیار کیا تھا۔

اس موقع پر ننھے شہزادے آرچی نے ہزاروں میل دور انگلینڈ میں بیٹھے اپنے دادا کی توجہ اپنی جانب مبذول کرانے کی کوشش کی۔ اور اپنی حرکتوں سے ان سب کو خوب ہنسایا۔

برطانوی اخبار سن نے ذرائع کے حوالے بتایا ہے کہ یہ بڑی خوشگوار ملاقات اور تقریب تھی، اور ہیری نے اپنے والد، دادی اور خاندان کے لوگوں کو بتایا کہ وہ انہیں بہت مس کرتا ہے۔

اس موقع پر اندرونی ذرائع نے مزید بتایا کہ سولہ ماہ کے شہزادہ آرچی، پرنس چارلس کو 'پا' پکارتا ہے، جس پر شاہی خاندان کے تمام افراد خوب کھلھلا کر ہنستے ہیں۔

اس سے قبل ایک امریکی ہفت روزہ نے رپورٹ کیا تھا کہ اب شہزادہ آرچی نے چند الفاظ بولنا سیکھ لیے ہیں اور اب وہ باآسانی بک، ڈاگ، ماما اور دادا کہہ سکتا ہے۔

پرنس ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کے اس زوم کال سے غیر حاضر رہنے پر اختلافات کی افواہیں پھر شدت اختیار کررہی ہیں۔ پرنس ولیم نے اپنی جانب سے شہزادہ ہیری کی سالگرہ پر نیک خواہشات کا پیغام بھیجا تھا اور ان کی عدم موجودگی کے کچھ جواز بھی موجود تھے، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ پرنس ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی عدم موجودگی کچھ عجیب سا لگا۔