ادویات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی مشکلات بڑھائے گا، پیما

September 24, 2020

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) نے وفاقی کابینہ کی جانب سے جان بچانے والی 94ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام حالیہ دنوں میں کورونا سے بیروزگاری ، پٹرول اور روز مرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے سے پریشان حال عوام کی مشکلات میں مزید اضافے کا سبب بنے گا۔ ایک بیان میں پیما کے مرکزی صدر پروفیسر خبیب شاہد نے کہا کہ پاکستان میں صحت عامہ کا شعبہ اپنی اہمیت کے پیش نظر پہلے ہی حکومتی سبسڈی کا مستحق ہے، ادویات کی تیاری میں ہونے والے اخراجات کے باوجود ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جانا چاہئے اگرچہ دواسازی کی صنعت کو کئی مسائل کا سامنا ہے لیکن ان مسائل کو ٹیکسوں میں نرمی اور تیاری و درآمد میں سبسڈی کے ذریعے حل کیا جانا چاہئے دوسری جانب مہنگائی پر قابو پانے کیلئے لگژری اور غیر ضروری چیزوں پر ٹیکس بڑھانا چاہئے۔ پیما نے مطالبہ کیا کہ حکومت جان بچانے والی اور دیگر تمام ادویات مفت فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔