عمران فرحت اور عمر گل کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ

September 24, 2020

کرکٹر عمران فرحت اور عمر گل نے کرکٹ سے ریٹائر منٹ لینے کا فیصلہ کرلیا، دونوں کرکٹرز نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ بلوچستان کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔ ریٹائر منٹ کا باضابطہ اعلان جلد کریں گے۔

کرکٹر عمران فرحت نے جیو نیوز کو تصدیق کی ہے کہ انہوں نے گزشتہ سیزن میں ہی کہہ دیا تھا کہ کہ آئندہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن ان کا آخری ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عمر گل بھی کرکٹ سے ریٹائر منٹ لے رہے ہیں۔

عمران فرحت کا کہنا ہے کہ اب کوچنگ کے پروفیشن سے جڑنے کا فیصلہ کیا ہے پورا سیزن کھیلتا ہوں یا نہیں ابھی دیکھوں گا، انجوائے کرتا رہا تو کھیلوں گا خواہش ہے کہ نوجوانوں کو آگے لاؤں۔ کوچنگ کی پیشکش پہلے سے ہیں لیکن میں مکمل تیاری کے ساتھ اس میں آنا چاہتا ہوں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2009 کے ہیرو عمر گل نے بھی کرکٹ کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کر لیا، ملتان میں 30 ستمبر سے شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں شائقین کرکٹ عمر گل کو آخری مرتبہ بولنگ کرتا دیکھ سکیں گے۔

عمر گل نے بھی میڈیا کو تصدیق کی ہے کہ وہ انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ دونوں سے ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں۔ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے درمیان یا آخر میں ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کر سکتے ہیں۔

عمر گل پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے بھی ممبر ہیں فاسٹ بولر عمر گل بھی کوچنگ سے وابستہ ہونا چاہتے ہیں۔

امکان ہے کہ عمران فرحت اور عمر گل جلد کوچنگ سے وابستہ ہوجائیں گے۔

عمر گل نے 47 ٹیسٹ، 130 ون ڈے میچز اور 60 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ عمر گل نے 125 فرسٹ کلاس میچز بھی کھیلے۔

عمران فرحت نے 40 ٹیسٹ، 58 ون ڈے اور 7 ٹی ٹوئنٹی میچز میں ملک کی نمائندگی کی جبکہ 222 فرسٹ کلاس میچز کھیلے۔