سعودی عرب سرمایہ کاری کیلئے بہترین ممالک میں شامل

September 24, 2020

سعودی عرب تجارت و سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول اور سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے دنیا کے بہترین ممالک میں شامل ہوگیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی پالیسیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ 2030 تک سعودی عرب کا شمار دنیا کے 10 بہترین ممالک میں ہو جائے گا۔

عرب میڈیا نے سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا ہے کہ عالمی بینک کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے میں سعودی عرب نے خاطر خواہ ترقی کی ہے۔

گزشتہ برس سعودی عرب سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے والے ملکوں کی فہرست میں 141ویں نمبر پر تھا، اب 2020 میں 38 ویں نمبر پر آگیا ہے۔

سعودی عرب بین الاقوامی انڈیکس میں 141 ممالک کی فہرست میں اب اس حوالے سے 36 واں نمبر پر ہے۔ اس ضمن میں سعودی عرب مشرق وسطیٰ کا واحد ملک ہے جس نے انڈیکس میں بہتری حاصل کی ہے۔

اقوام متحدہ کے تحت الیکٹرانک تجارت کے انڈیکس میں بھی سعودی عرب بہترین 10 ممالک میں شامل ہے۔ جبکہ خواتین کو مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے بھی سعودی عرب نے 2020 کے انڈیکس میں نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔

تاجروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے ضمن میں نئی کمپنی کی رجسٹریشن جہاں پہلے 15 دن میں ہوتی تھی، اب 30 منٹ میں ہونے لگی ہے۔