پی ایس ایل فرنچائزز، پی سی بی کیخلاف عدالت پہنچ گئیں

September 24, 2020


پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کی تمام چھ کی چھ فرنچائزز نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے مالی معاملات کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے، جسٹس ساجد محمود سیٹھی کل 25 ستمبر کو فرنچائزز کی درخواست پر سماعت کرینگے۔

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائزز نے اپنی درخواست میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان کو فریق بنایا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کورونا کے مشکل حالات میں پی سی بی نے فرنچائزز کی شکایات اور تحفظات صحیح انداز میں نہیں نمٹائے۔

پی ایس ایل کا مالی ماڈل ٹیموں کے لیے مسائل پیدا کررہا ہے، پی سی بی کا یکطرفہ مالی معاہدہ، فرنچائزز کے لیے قابل عمل نہیں ہے۔

ایڈوکیٹ احمر بلال صوفی اور سلمان اکرم راجہ نے فرنچائز کی طرف سے موقف اختیار کیا کہ کووڈ 19پی ایس ایل کے آئندہ سیزن کو خطرے میں ڈال دے گا۔ تمام فرنچائز پی ایس ایل سکس جاری رکھنے کےلیے پر عزم ہیں، موجودہ حالات میں بینکوں نے بھی سست اقتصادی سرگرمیوں کی بنا پر ریکوریز روک دی ہیں، تاہم پی سی بی نے اگلے پورے سیزن کی سیکیورٹی رقم کی ادائیگی پر زور دیا ہے پی سی بی شکایات پر غور اور مالیاتی ماڈل میں ضروری ایڈجسٹمنٹ کرے۔

ترجمان پی سی بی نے فرنچائزز کے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرنچائزز کو دو مختلف مواقع پر نیک نیتی سے فنانشل ماڈل پر بات کرنے کی دعوت دی گئی تھی، ابھی عدالت کا نوٹس موصول نہیں ہوا، اس لیے تبصرہ نہیں کرسکتے، ہائیکورٹ میں سماعت کے بعد ہی تبصرہ کرسکیں گے۔