بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری، صارفین پر 164 ارب کا بوجھ

September 24, 2020


نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 62 پیسے اضافے کی منظوری دے دی، حکومتی منظوری کے ساتھ ہی صارفین پر 164 ارب 87 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔

نیپرا نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی گزشتہ مالی سال کی درخواستوں پر فیصلہ جاری کردیا۔

گزشتہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 73 ارب 6 کروڑ روپے کا بوجھ صارفین پر پڑے گا۔

گزشتہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے تحت 91 ارب 80 کروڑ روپے کا بوجھ صارفین پر پڑے گا۔

واضح رہے کہ قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کا اطلاق کے-الیکٹرک پر نہیں ہوگا۔

اس حوالے سے نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ بجلی قیمت میں اضافہ اکتوبر سے دسمبر 2019 اور جنوری سے مارچ کی ایڈجسٹمنٹ کی درخواستوں پر کیا گیا۔

نیپرا حکام نے بتایا کہ قیمتوں میں اضافے کی صارفین سے 12 ماہ میں وصولی وفاقی حکومت سے لی جائیگی۔