بلدیہ فیکٹری کیس کے مرکزی ملزمان پولیس گرفت سے دور ہیں، شیخ سربلند

September 25, 2020

لندن (جنگ نیوز) سانحہ بلدیہ فیکٹری میں 260 افراد کو زندہ جلا دینے کا واقعہ آج بھی تازہ لگتا ہے اور لواحقین اس سانحہ کو شاید کبھی نہیں بھول پائیں۔ اس بات کا اظہار سماجی شخصیت شیخ سربلند نے کیس کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ اس قدر ہولناک سانحہ کا فیصلہ ہونے میں 8 برس لگ گئے اور مرکزی ملزمان آج بھی پولیس کی گرفت سے دور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس کی تفصیلات پڑھو تو دل خون کے آنسو روتا ہے،کس طرح بدمعاش عناصر نے بھتے کی خاطر سینکڑوں گھر اجاڑ دیئے اور ایک ہی سیاسی جماعت کے افراد مجرم ٹھہرے، شیخ سربلند نے کہا کہ حکومت جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کی دیکھ بھال کرے، جاں بحق تمام افراد غریب اور مزدور طبقے سے تعلق رکھتے تھے اور اگر اس کیس کے اصل مجرموں کو سزائیں نہ ملیں تو عوام کا نظام انصاف پرسے یقین اٹھ جائے گا۔