حکومت نے فرلو اسکیم کے متبادل جرمن طرز کے پروگرام کی منصوبہ بندی شروع کردی

September 25, 2020

اراچڈیل (ہارون مرزا)کورونا بحران کے دوران متعارف گئی فرلو سکیم جو اگلے ماہ اختتام کی طرف بڑھ رہی ہے کے متبادل جرمن طرز پر ملازمتیں برقرار رکھنے کیلئے حکومت نے ایک نئے پروگرام کی منصوبہ بندی شرو ع کر دی، ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانوی چانسلر رشی سنک کاروباری اداروں اور سیاستدانوں سے نئی سکیم کی منصوبہ بندی کیلئے مشاورت کا سلسلہ شروع کیے ہوئے ہیں، حکومت نئی منصوبہ ایک ایسے وقت میں شروع کرنے جا رہی ہے جب وزیر اعظم بورس جانسن نے کورونا وائرس کے انفیکشن میں اضافے کے باعث نئی اور سخت پابندیاں عائد کی ہیں اور حالات دوسرے قومی لاک ڈائون کی طرف جاتے دکھائی دے رہے ہیں 31اکتوبر کو فرلو سکیم ختم ہونے جا رہی ہے جس کے تحت بیروزگاری سے نمٹنے اور لوگوں کی نوکریاں بچانے کیلئے خصوصی پیکیج دیا جا رہا تھا بیروزگاروں کی بڑی تعداد اسی سکیم پر انحصار کر رہی تھی مگر اس سکیم کے اختتام پر سنگین مسائل جنم لیتے دکھائی دے رہے ہیں، لیبر رہنما کیئر اسٹارمر نے بیروزگاری کی نئی آنیوالی ممکنہ شرح پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ حکومت قبل از وقت تیاری اور پالیسی مرتب کر کے ہنگامی حالت سے بچ سکتی ہے کنفیڈریشن آف برٹش انڈسٹری (سی بی آئی) کے مالکان کی طرف سے بھی حکومت کو اہم تجاویز پیش کی گئی ہیں جن پر غور کیا جا رہا ہے حکومت جرمن کی طرز پر امدادی سکیم تیار کرنے کیلئے مختلف پہلوئوں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے سابق وزیر اعظم گورڈن براؤن سمیت بااثر برطانوی سیاسی شخصیات نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ اکتوبر میں فرلو اسکیم کے اختتام کے بعد اس طرح کی کوئی اسکیم ، یا فرانسیسی طرز کا مربوط نظام لایا جائے جس سے بیروزگاری کے آگے بند باندھنے میں مدد ملے سکے ۔