سرکاری اہلکار ارکان اسمبلی کیساتھ نرمی اور محبت کا رویہ اپنائیں، محمود جان

September 25, 2020

پشاور(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اور چیئرمین استحقاق کمیٹی محمود جان نے کہا ہے کہ ہمارے زیادہ تر مسائل کی وجہ ہمارے ناپختہ اور ناقص رویے ہیں اور سرکاری مشینری پر اس حوالے سے زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز خیبرپختونخوا اسمبلی میں استحقاق کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں ارکان اسمبلی کی واپڈا سی اینڈ ڈبلیو اور تعلیم کے محکموں کے ساتھ ساتھ پختونخوا ہاؤس اسلام آباد کے افسران سے متعلق تحاریک استحقاق پر تفصیل سے غور وخوض کیا گیا ان میں اکثر تحاریک افسران کے ممبران اسمبلی کے ساتھ نامناسب رویوں سے متعلق تھیں۔کمیٹی کے چیئرمین نے اس موقع پر کہا کہ سرکاری مشینری کا رویہ اگر اسمبلی کے ممبران کے ساتھ سخت رہتا ہے تو عام آدمی کے ساتھ کا کیا حال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ حالات کی اصلاح کی جائے اور رویے مزید بگڑنے سے روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی طرف سے سرکاری اہلکاروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ نہ صرف ارکان اسمبلی کے ساتھ اپنا رویہ نرمی اور محبت والا بنائیں بلکہ عام آدمی کے ساتھ بھی زیادہ شفقت کا رویہ اپنایا جائے ۔