کراچی:1 شخص کے قبضے سے بچے کی بوری بند لاش برآمد

September 25, 2020

نیو کراچی کی شفیق کالونی میں ایک شخص کے قبضے سے بچے کی بوری بند لاش برآمد ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق بچےکی شناخت 8 سالہ حارث کے نام سے ہو گئی، جس کے جسم پر تشدد کے نشان ہیں، لاش پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔

مشکوک شخص بوری لے کر جا رہا تھا کہ علاقہ مکینوں نے اسے روک کر چیک کیا، بوری سے بچے کی لاش نکلی تو ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا، ملزم بچے کا سابق پڑوسی ہے، 8 سالہ بچہ گزشتہ شام سے لاپتہ تھا۔

پولیس کے مطابق ون فائیو پر شفیق کالونی کے رہائشی سب انسپکٹر ذاکر نعیم نے اطلاع دی کہ ایک مشتبہ شخص کے قبضے سے بچے کی بوری میں بند لاش ملی ہے، مشتبہ شخص کو علاقہ مکینوں نے گھیرے میں لیا ہوا ہے۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو تھانے منتقل کیا اور بچے کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی۔

گرفتار ملزم کی شناخت سمیع اللّٰہ کے نام سے ہوئی ہے جس سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

مقتول بچے حارث کے چچا وسیم نے بتایا کہ بچہ گزشتہ شام سے لاپتہ تھا، ملزم سمیع اللّٰہ مقتول کا پڑوسی رہ چکا ہے، ملزم کی اس سے پہلے بھی شکایات آ چکی ہیں۔

ملزم لاش پھینکنے جا رہا تھا تو علاقہ مکینوں نے تلاشی لی جس سے وہ پکڑا گیا۔

بچے کی موت کا سبب جاننے کے لیے ڈی این اے اور کیمیکل ایگزامینیشن کے سیمپل لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں۔