بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار دفتر خارجہ طلب

September 25, 2020


اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کرکے کنٹرول لائن پر قابض بھارتی افواج کی فائرنگ اور گولہ باری کی مذمت کی گئی اور شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کرکے کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ اور گولہ باری پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔

بھارتی افواج نے 24 ستمبر کو ایل او سی کے بروہ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی، جس سے بروہ گاؤں کے دو افراد زخمی ہوئے، بھارت کی طرف سے رواں سال 2 ہزار 300 زائد بار کنٹرول لائن پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی جس میں بھارتی فائرنگ اور گولہ باری سے 18 لوگ شہید جبکہ 187 زخمی ہوئے۔

سفارت کار کو بتایا گیا کہ بھارتی افواج ایل او سی پر تسلسل سے شہری آبادی کو بھاری اسلحہ سے نشانہ بنا رہے ہیں، بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے، بھارت 2003ءکے جنگ بندی معاہدے کا احترام کرے ۔