فیصل اقبال کو بلوچستان اسکواڈ دوبارہ جوائن کرنے کی اجازت

September 25, 2020

سابق ٹیسٹ کرکٹر فیصل اقبال کو بلوچستان اسکواڈ دوبارہ جوائن کرنے کی اجازت مل گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق این او سی دینے کے بعد فیصل اقبال کو اجازت دی ہے، وہ کل اپنی ٹیم بلوچستان کو جوائن کریں گے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ فیصل اقبال فی الحال مریدکے سینٹرل اسٹیشن میں موجود ہیں۔

ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی کا کہنا ہے کہ امید ہے اب فیصل اقبال اپنے کام پر توجہ دیں گے۔


واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گذشتہ روز نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے بلوچستان کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے فیصل اقبال کا نام واپس لے لیا تھا اور اسسٹنٹ کوچ وسیم حیدر کو عبوری ہیڈ کوچ مقرر کردیا تھا۔

پی سی بی اعلامیہ کے مطابق فیصل اقبال کا ایک معاملہ ان کے ادارے کے ساتھ حل ہونا باقی ہے جس کو نمٹائے بغیر فیصل اقبال کی اہم ٹورنامنٹ میں شرکت مناسب نہیں تھی۔