خلافت عثمانیہ بچانے کیلئے پاکستانی ماؤں نے اپنے بچے فروخت کردیئے، ترک اداکار

September 28, 2020

انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک)جس قوم کی مائیں ترکوں کے محبت میں خلافتِ عثمانیہ کو دشمن کے قبضے سے بچانے کے لیے اپنے بچوں کو فروخت کرتے ہوئے حاصل کردہ رقم کو سلطنتِ عثمانیہ بھجواتی ہیں اور اپنا تن من دھن سب کچھ ترکوں پر قربان کردیتی ہیں اس قوم کی یہ بے لوث محبت ہمارے دلوں میں نقش ہو چکی ہے۔ دنیا میں ایسی محبت اور جذبہ ایثار کی کہیں اور نظیر نہیں ملتی ہے۔ یہ پاکستانی قوم ہی کا اثاثہ ہے اور ہمیں پاکستان اور پاکستان کے عوام سے اس لیے محبت ہے۔ہم کبھی بھی ان کی اس محبت کا قرضہ نہیں چکا سکتے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان بھر میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے ڈرامہ سیریل ار طغرل غازی میں قائی قبیلے کے سرداروں کے محافظِ اعلیٰ کا کردار ادا کرنے والے عبدالرحمٰن غازی( جلال آل) نے" یارِ من ترکی" یو ٹیوب چینل کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔اداکار نے کہا کہ پاکستان کے مسلمان بہن بھائی ہمارے لیےبڑی اہمیت کے حامل ہیں۔ میں کوئی بیان جاری نہیں کررہا ہوں بلکہ حقیقت پیش کر رہا ہوں ۔جیسے ہمیں میں اپنے ترک ہونے اور مسلمان ہونے پر فخر ہے اسی طرح ہمیں میں اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کی محبت پر فخر ہے۔ ہمیں پاکستانیوں سے سچی محبت ہے کیونکہ انہوں نے ہمیشہ مشکل وقت میں ترکوں کی مدد کی ہے۔ سن 1915میں معرکہ ہائے چناق قلعے کے موقع پر جب دنیا کی بڑی بڑی طاقتوں جن میں برطانیہ سرفہرست تھا اس کے اتحادی ممالک نے ترکی پر حملہ کیا اور جب سلطنتِ عثمانیہ اپنے آخری دور میں زوال کا شکار تھی اور اسے مسلسل حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا تھا اور ترکی کے پاس جنگی ساز و سامان خریدنے کے لیے کوئی رقم نہ تھی تو اس وقت ہماری مدد کو برصغیر کے مسلمان جو اب پاکستانی ہیں دوڑے تھے ۔ اسے بھلا ہم کیسے فراموش کرسکتے ہیں۔یہاں پر ایک دلچسپ بات آپ کے گوشِ گزار کروں جس کی دنیا میں کوئی نظیر نہیں ملتی ہے۔ برصغیر پاک و ہند کی ایسی ماؤں جن کے پاس ترکوں کو دینے کے لیے کچھ نہ تھا انہوں نے اپنی گود میں موجود بچوں کو فروخت کرتے ہوئے حاصل کردہ رقم کو ترکوں کی مدد کے لیے ترکی روانہ کیا۔ دنیا میں ایسی بے لوث محبت کا اظہار آپ نے کبھی دیکھا ہے؟