موٹر وے زیادتی کیس، ملزم شفقت کی شناخت پریڈ کا حکم

September 29, 2020


موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کے کیس کی سماعت کے دوران لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے آئندہ سماعت سے قبل ملزم شفقت کی شناخت پریڈ کو یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم شفقت کی شناخت پریڈ کرانا ممکن نہیں ہو سکا، عدالت ملزم کی شناخت پریڈ کے لیے مہلت دے۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم شفقت کو دیپالپور سے گرفتار کیا گیا، ملزم کی نشاندہی پر مرکزی ملزم عابد کو گرفتار کرنا باقی ہے، ملزم کے قبضے سے پستول اور ڈنڈا برآمد کرنا بھی باقی ہے۔

عدالت نے ملزم شفقت کی شناخت پریڈ کے لیے پولیس کو مہلت دے دی، جبکہ ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع بھی کر دی۔

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے تفتیشی افسر کو جلد از جلد ملزم کی شناخت پریڈ کروانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔