کراچی، 50 ہزار طلبہ کالجوں میں داخلے سے محروم

September 29, 2020

عالمگیر وبا کورونا وائرس کے باعث میٹرک کے طلبہ کو بغیر امتحان لیے حکومتی پروموٹ پالیسی کے تحت تمام طلبہ کو پاس کر دیا گیا تاہم کالجوں میں 50 ہزار طلبہ کی گنجائش ہی موجود نہیں۔

رواں سال میٹرک میں ڈی اور ای گریڈ حاصل کرنے والے 50 ہزار سے زائد طلبہ کالجوں میں داخلے سے محروم ہیں، کراچی کے 168سرکاری کالجوں میں گیارہویں جماعت میں داخلہ پالیسی بری طرح ناکام ہوگئی۔

100فیصد طلبہ پاس ہونے سے سرکاری کالجوں میں 50 ہزار سے زائد طلبہ کیلئے نشستیں نہیں۔

دوسری جانب محکمہ تعلیم نے کراچی کے کالجوں میں 1 لاکھ 16 ہزار340 طلبہ کو داخلہ دینے کا اعلان کیا۔

خیال رہے کہ رواں سال صرف میٹرک بورڈ کراچی سے ایک لاکھ 68 ہزار 880 طلبہ پاس ہوئے، 52 ہزار 540 طلبہ کو گیارہویں جماعت میں داخلے کیلئے کراچی کے کسی سرکاری کالج میں گنجائش نہیں ہے۔

گریڈ ڈی میں 37 ہزار 309 اور گریڈ ای میں 8ہزار 230 طلبہ پاس ہوئے۔