چکوال کے میگا پراجیکٹس کا جلد آغاز کرنے کی ہدایت

September 30, 2020

راولپنڈی ( اپنے رپورٹر سے) کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن (ر) محمد محمود نے چکوال کے لئے نئے منظور شدہ میگا پراجیکٹس کا جلد از جلد آغاز کرنے کے لئے متعلقہ تعمیراتی محکموں کو احکامات جاری کئے ہیں۔ان میگا پراجیکٹس میں پانچ سو بیڈز کا نیا ہسپتال،یونیورسٹی آف چکوال، لطیفال میں بیس بستروں کا ہسپتال، ڈھڈیال بائی پاس اور چکوال ناردرن بائی پاس روڈکی تعمیر شامل ہے۔ انہوں نے یہ احکامات دورہ چکوال کے موقع پر ماہانہ ڈویلپمنٹ ریویو میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے جاری کئے۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ تمام ترقیاتی سکیموں کی موقع پر کڑی نگرانی یقینی بنا کر ٹھیکیداروں کی کارکردگی کو پوری طرح مانیٹر کیا جائے تاکہ تعمیراتی کام میں ناقص مٹیریل کے استعمال یا سست روی کا عنصر پیدا نہ ہو سکے۔کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی تاکید کی کہ متعلقہ تحصیلوں میں فیلڈ وزٹس کے دوران ہیلتھ، ایجوکیشن، پبلک ہیلتھ، ہائی ویز اور دیگر شعبوں کی زیر عمل تمام سکیموں کی بھی انسپکشن کی جائے۔ ڈی پی او نے کمشنر کو ضلع میں سکیورٹی صورتحال، کرائمز کنٹرول اور امن عامہ کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ دریں اثناء کمشنرنے اجلاس کے دوران ریونیو کیسز کی ڈسپوزل کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ ریونیو کیسز کی ڈسپوزل میں تاخیر و التواء کا عنصر پیدا نہ ہونے دیا جائے۔ قبل ازیں محکمہ صحت کی طرف سے کووڈ 19 ایس او پیز پر عملدرآمد، انسدادِ پولیو مہم اور ڈینگی کنٹرول سے متعلق جاری سرگرمیوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔