فردوس شمیم نے استعفیٰ دے دیا

September 30, 2020


پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے قائد حزب اختلاف کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل کا فردوس شمیم نقوی کے استعفے سے متعلق کہنا ہے کہ فردوس شمیم نقوی نے استعفیٰ اسی روز معذرت کرنے کے بعد دے دیا تھا، فردوس شمیم نقوی کے استعفیٰ کے حوالے سے ابھی وزیر اعظم عمران خان نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ فردوس شمیم نقوی نے اخلاقی بنیاد پر استعفیٰ مجھے دیا ہے۔

فردوس شمیم نقوی نے گیس کے بحران پر وزیرِ اعظم عمران خان سمیت وفاقی وزراء پر تنقید کی تھی جس پر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی قیادت کی جانب سے سندھ اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف فردوس شمیم نقوی سے استعفے کا مطالبہ کیا گیا تھا ۔

فردوس شمیم نقوی کی جانب سے بعد میں معذرت کر لی گئی تھی مگر مرکزی قیادت کی جانب سے فردوس شمیم نقوی کو سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے مستعفی ہونےکی ہدایت کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ فردوس شمیم نقوی نے اپنی ہی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان سمیت سب کو شرم دلائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2 سال سے ٹرک کی لال بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے، انہوں نے وفاقی حکومت سے احتجاج کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

فردوس شمیم نقوی نے کہا تھا کہ مسئلہ حل نہ ہونے پر خاموش نہیں بیٹھوں گا، چاہے میرا تعلق پی ٹی آئی سے ہی کیوں نہ ہو میں خاموش نہیں بیٹھوں گا، اگر شہر میں گیس کی فراہمی ٹھیک نہیں ہوئی تو سب کو شرم دلاؤں گا۔