• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI قیادت نے فردوس شمیم سے استعفیٰ طلب کر لیا


پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی قیادت نے سندھ اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف فردوس شمیم نقوی سے استعفیٰ طلب کر لیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی قیادت کی جانب سے فردوس شمیم نقوی کو سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے مستعفی ہونےکی ہدایت کی گئی ہے۔

فردوس شمیم نقوی نے گیس کے بحران پر وزیرِ اعظم عمران خان سمیت وفاقی وزراء پر تنقید کی تھی اور بعد میں معذرت کر لی تھی۔

فردوس شمیم نقوی نے اپنی ہی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان سمیت سب کو شرم دلائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2 سال سے ٹرک کی لال بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے، انہوں نے وفاقی حکومت سے احتجاج کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

فردوس شمیم نقوی نے کہا تھا کہ مسئلہ حل نہ ہونے پر خاموش نہیں بیٹھوں گا، چاہے میرا تعلق پی ٹی آئی سے ہی کیوں نہ ہو میں خاموش نہیں بیٹھوں گا، اگر شہر میں گیس کی فراہمی ٹھیک نہیں ہوئی تو سب کو شرم دلاؤں گا۔


کراچی میں گیس کی قلت پر فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ مجھے اس کی پرواہ نہیں کہ حکومت پی ٹی آئی کی ہے یا مسلم لیگ نون کی، میں تو شور مچاؤں گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ کراچی میں گیس کی ڈیلیوری صحیح نہیں ہے، وزیرِ اعظم عمران خان سنیں، عمر ایوب اور ندیم بابر بھی سنیں، اب ان سب کو شرم دلائیں گے۔

فردوس شمیم نقوی نے کراچی میں گیس کے بحران پر وزیرِ اعظم عمران خان پر برسنے کے کچھ گھنٹوں بعد اپنے لیڈر اور کارکنوں سے معافی مانگ لی تھی۔

تازہ ترین