کراچی، زمینوں پر قبضہ گروپوں کیخلاف کارروائیاں

September 30, 2020

کراچی میں ہائی پروفائل لینڈ گریبرز کے خلاف اینٹی انکروچمنٹ فورس اور متعلقہ اداروں کی طرف سے تابڑ توڑ کارروائیوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں مقدمات درج کر کے متعدد گرفتاریاں بھی کی گئی ہیں۔

ڈائریکٹر اینٹی اینکروچمنٹ فورس سندھ طارق دھاریجو کے مطابق کراچی اور صوبے کے دیگر اضلاع میں سرکاری زمینوں پر قبضے میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

طارق دھاریجو کے مطابق اس سلسلے میں اینٹی انکروزچمنٹ سیل زون وَن اور زون ٹو میں تین مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ فورس کے مطابق مقدمات میں حضور بخش کلہوڑ، علی حسن بروہی اور دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق سرکاری زمینوں پر قبضے کے الزام میں تین کو ملزمان گرفتار کیا گیا ہے جبکہ حضور بخش کلہوڑ، علی حسن بروہی، عبدالکریم عرف سسٹم، انیس راجپر، دلبر جمالی، اصغر، عبدالوحید، لاہوتی گبول اور محرم راجپر مفرور ہیں۔

مقدمات میں نامزد حیدر راجپر عرف سجاد حیدر راجپر اور طارق بھی فرار ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق مختیار کار منگھوپیر اور مختیار کار گلزار ہجری عبدالقیوم مقدمات میں مدعی ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان پر اسکیم 33 اور ویسٹ زون کی 24 ایکڑ سرکاری اراضی پر قبضے کا الزام ہے۔

ملزمان نے سپرہاٸی وے جمالی پل کے قریب 7 ایکڑ سرکاری اراضی پر قبضہ کرلیا تھا، ملزمان سرکاری زمینوں پر قبضے کرکے چاردیواریاں بنا کر فروخت کردیتے تھے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان نے متعلقہ سرکاری اداروں کی مبینہ ملی بھگت سے تعمیرات کرانا شروع کیں جبکہ پلاٹنگ کے دوران ہھی متعلقہ افسران تمام معاملات سے با خبر تھے۔