سستی بجلی فراہمی کی کوشش میں قرضوں کا پہاڑ کھڑا ہوگیا، عمران خان

September 30, 2020

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی میں مہنگی بجلی کے معاہدوں کے باعث عام آدمی اور صنعتی شعبہ متاثرہوا ہے، مہنگے معاہدے کرکے سستی بجلی فراہم کرنے کی کوشش میں گردشی قرضوں کا پہاڑ کھڑا ہوگیا

توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ توانائی کا شعبہ شدید بحران کا شکار ہے، جبکہ گردشی قرضوں کا سارا بوجھ سرکاری خزانے پر پڑرہا ہے۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سبسڈی کے نظام کا فائدہ مستحقین تک موثر طریقے سے پہنچانے پرتوجہ دی جائے۔ بجلی کے شعبے میں اصلاحات، بجلی کی پیداوار، لاگت اور ضروریات پر حکمت عملی بنائی جائے۔

عمران خان کی زیر صدارت اجلاس توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر اجلاس ہوا، جس میں توانائی کےشعبےمیں جاری اصلاحات میں پیش رفت کاجائزہ لیا گیا ۔

اجلاس میں توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی، جبکہ وفاقی وزراء اسد عمر، عمر ایوب، محمد میاں سومرو اجلاس میں شریک ہوئے۔

مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، معاونین خصوصی شہزاد قاسم، ندیم بابر اور ثانیہ نشتر و دیگر نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔