میر شکیل الرحمان نے ثابت کیا ان کا قلم انکے ضمیر کی آواز ہے ، مقررین

October 01, 2020


کراچی ، لاہور ، راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر ، نمائندگان جنگ ) ایڈیٹر انچیف جنگ وجیو گروپ میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کیخلاف کراچی ،لاہور اور راولپنڈی میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بدھ کے روز بھی جاری رہا ، اس موقع پر وکلاء رہنمائوں ، سیاسی قائدین ، صحافتی تنظیموں کے عہدیداروں، جنگ، جیو، دی نیوز، آواز کے ورکرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنےوالے افراد نے شرکت کی ، مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ میر شکیل الرحمان نے ثابت کیا کہ ان کا قلم ان کے ضمیر کی آواز ہے ، جنگ جیو نیوز کے ورکر میر شکیل الرحمان کا حوصلہ بنے ہوئے ہیں،میر شکیل الرحمان کو انصاف ملے گا، ہماری جدوجہد جاری ہے اورجاری رہے گی، دوسری جانب کراچی میں صحافی تنظیموں، جنگ جیو ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام میرشکیل الرحمن رہائی احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے سابق سینئر نائب صدر صلاح الدین گنڈا پور نے کہا کہ جنگ میڈیا گروپ وہ ادارہ ہے جس نے ہر دور میں مظلوم کا ساتھ دیا ہے، وکلاء تحریک میں جو کردار جنگ گروپ کا رہا ہے وہ قابل تحسین ہے، موجودہ حکومت کے پاس معاشی ، سیاسی اور عوامی پروگرام ہی نہیں ہے یہ صرف اور صرف جھوٹ بولتے ہیں۔ میرشکیل کو فی الفور رہا کیا جائے۔ کیمپ سے ایپنک کے سیکرٹری جنرل شکیل یامین کانگا، سینئر ایڈووکیٹ پیر درویش خویشگی، ایپنک کراچی کے وائس چیئرمین رانا محمد یوسف نے بھی خطاب کیا۔ صلاح الدین گنڈا پور نے کہا کہ آزاد پریس پر آمروں اور سیاسی ہتھکنڈے پرانے ہیں، ہمیں فخر ہے کہ جنگ گروپ کبھی بھی ان ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوا اور ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ جنگ نے وکلاءبرادری کی جنگ میں جو کر دار ادا کیا وہ یادگار ہی نہیں قابل تعریف بھی ہے۔ ہمیں عدالتوں پر یقین ہے اور یہ واحد ادارہ ہے جو اس ملک کے عوام کو ریلیف دیتا رہا ہے۔ جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میرشکیل الرحمان پر ہونے والی لشکر کشی پر وکلاء برادری آپ کے ساتھ ہے، لاہور ہائی کورٹ میں میرشکیل الرحمان کے کیس کی تاریخ پر تمام وکلاء تنظیمیں موجود تھیں، ہم آپ کی جنگ میں آپ کے ساتھ ہیں جنگ اور جیو کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ شکیل یامین کانگا نے کہا کہ صحافت اورمیڈیا اداروں کی ازادی کیلئے صحافیوں اور اخباری کارکنوں نے ہر دور میں تحریکیں چلائی ہیں، کوڑے اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں ہیں۔ آپ ہمارا حوصلہ نہ ہی کم اور ختم کرسکتے ہیں۔