خیبرپختونخوا میں کورونا کے حفاظتی سامان کی خریداری میں خوردبرد کا انکشاف

October 03, 2020

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختونخوا میں کورونا وباء کے دوران ڈاکٹروں کے ذاتی حفاظتی سامان، تھرمامیٹر اور جوتوں کی خریداری میں 10 کروڑ روپے سے زیادہ خورد برد کا انکشاف ہوا ہے ڈاکٹرز کے ذاتی حفاظتی سامان کی کٹس، تھرمامیٹر اور جوتوں کی مہنگے داموں خریداری ، 10 کروڑ 24 لاکھ کا نقصان ہوا۔محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے انٹرنل آڈٹ رپورٹ کے مطابق ڈاکٹروں کے ذاتی حفاظتی سامان کی کٹس، تھرمامیٹر اور جوتوں کی مہنگے داموں خریداری سے سرکاری خزانے کو 10 کروڑ 24 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آڈٹ آفیسر نے پروکیورمنٹ ٹیم اور حفاظتی سامان کی قیمتوں پر اعتراضات کئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 250 روپے کی قیمت والے پلاسٹک جوتے 1950 روپے میں خریدے گئے جبکہ محکمہ صحت کو ایک تھرمامیٹر 11ہزار روپے میں پڑا ہے حالانکہ مارکیٹ میں تھرما میٹر کی قیمت 9 ہزار روپے ہے۔ رپورٹ کے مطابق کورونا کے حفاظتی سامان کی خریداری کے لیے زیادہ ادائیگیاں کی گئی ہیں۔ آڈٹ رپورٹ میں متعلقہ افراد سے انکوائری اور ریکوری کی سفارش کی گئی ہے۔