برطانوی ہائی کمشنر پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے حسن کے معترف

October 06, 2020

پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے معترف ہوگئے۔

کرسچن ٹرنر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں اپنے دورہ گلگت کی تصاویر شیئر کیں۔

اپنے پیغام میں انھوں نے پاکستان کے شمالی علاقوں کے حسن کی تعریف کی اور کہا کہ یہاں کے مناظر اور پہاڑ بہت خوبصورت ہیں۔

برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ یہ علاقے پوری دنیا میں مشہور و خوبصورت ہیں۔

موسمیاتی تبدیلی اور اس کے یہاں پڑنے والے اثرات پر انھوں نے تشویش کا اظہار کیا۔

کرسچن ٹرنر کا کہنا تھا کہ پاکستان خطہ قطبی سے باہر وہ ملک ہے جہاں سب سے زیادہ برف موجود ہے، لیکن موسم کی تبدیلی کا یہاں بھی اثر ہو رہا ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان میں گلیشئر پر موجود برف اس ملک کی 15 فیصد پانی کی ضرورت کو پورا کرتی ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنا ہم سب کے لیے بہت اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2015 سے پاکستان میں گلیشیئرز سے بننے والی جھیلوں میں 5 گنا اضافہ ہوا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ یو کے ایڈ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں مقامی آبادیوں کی مدد کر رہی ہے۔