کراچی (ٹی وی رپورٹ)پاکستان میں متعین برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے کہا ہے کہ پاکستان نے چھکا لگا کر کورونا وبا کو شکست دی‘ کورونا وائرس کے خلاف پاکستان کا کردار زبردست رہا ‘ برٹش ایئرویز کی پاکستان کیلئے براہ راست فلائٹس بہت اچھی خبر ہے‘ کوشش کررہا ہوں کہ انگلش کرکٹ ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے‘امید ہے بہت جلد پاک برطانیہ کرکٹ سیریز پاکستان میں ہوگی‘رواں سال کے آخر تک ورجن ایئرویز بھی پروازیں شروع کردے گی۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے پروگرام میں کچھ باتیں اپنی گلابی اردو میں بھی کیں۔پروگرام میں تحریک انصاف کے رہنما علی نواز اعوان، ن لیگ کے رہنما سینیٹر مصدق ملک اور پیپلز پارٹی کے رہنما مصطفی نواز کھوکھربھی شریک تھے۔علی نواز اعوان نے کہا کہ ریپ کے مجرموں کو سخت ترین سزاؤں کیلئے قانون سازی کررہے ہیں، سی پی او لاہور کا بیان غیرذمہ دارانہ تھا مگر اپوزیشن لیڈر نے بھی غیرسنجیدہ بیان دیا‘شہباز شریف بھی استعفیٰ دیں سی سی پی او بھی استعفیٰ دیں۔سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ فیٹف بل پر حکومت اپوزیشن میں کچھ ووٹوں کا ہی فرق ہے، ریپ پر سخت ترین سزاؤں کیلئے شواہد کی بنیاد پر قانون سازی کرنی چاہئے۔مصطفی نواز کھوکھرنے کہا کہ آصف زرداری اپنی صحت کی وجہ سے آج پارلیمنٹ نہیں آئے، پیپلز پارٹی ہی نہیں اعلیٰ عدالتوں کے فیصلے بھی ہیں کہ سرعام سزائیں بہتر نہیں ان سے بچنا چاہئے، ہمارے ہاں مسئلہ سخت سزاؤں کا نہیں سزا ملنے کی کم شرح کا ہے، سی سی پی او پیش نہیں ہوئے پارلیمانی کمیٹی ان کے وارنٹ نکالنے پر مجبور ہے۔