8 آنکھوں والی عجیب الخلقت مکڑی دریافت

October 08, 2020

آسٹریلیا میں ایک ایسی انوکھی مکڑی دریافت ہوئی ہے جس کا چہرہ نیلا اور آٹھ آنکھیں ہیں اور اسے چھلانگ لگانے والی مکڑی کی نئی قسم قرار دیا گیا ہے۔

آسٹریلیا کے شہر تھرول کے پائیں باغ میں خاتون نے ایک مکڑی دیکھی جو انہیں کچھ انوکھی لگی، اس کی تصاویر جب حشرات کے ماہر کو بھیجی گئی تو انہوں نے اسے جمپنگ سپائیڈر کی ایک نئی قسم قرار دیا۔

امینڈا ڈی جارج گھر کے باغ میں کوڑے دان کو دیکھ رہی تھیں کہ ان کی نظر اس مکڑی پر پڑی، اس کا چہرہ گہرا نیلا اور آٹھ آنکھوں پر مشتمل تھا۔

انہیں یہ مکڑی ڈیڑھ سال قبل بھی نظر آئی تھی لیکن اس بار امینڈا نے اس کی تصویریں اتار لیں جبکہ چار ملی میٹر جسامت کی اس مکڑی کی تصاویر میلبورن میں مکڑیوں کے ماہر نے دیکھی جس نے اس کی نئی قسم کی تصدیق کی۔

اس کے بعد امینڈا نے دو مکڑیاں وکٹوریہ میوزیم کے ماہر جوزف شوبرٹ کو بھیجیں۔ جوزف نے کہا کہ یہ نئی قسم ہے جس کے نام پر غور کیا جارہا ہے۔ صرف آسٹریلیا میں ہی مکڑیوں کی چار ہزار نئی اقسام دریافت ہوئی ہیں اور خیال ہے کہ مزید دس ہزار ان دیکھی اقسام موجود ہوسکتی ہیں۔