رابی پیرزادہ نے تُرک صدر کیلئے کونسی خواہش ظاہر کی؟

October 09, 2020

گزشتہ سال شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی رابی پیرزادہ نے انوکھے انداز میں تُرک صدر رجب طیب اردوان کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہہ کر اپنی زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق بسر کرنے والی رابی پیرزادہ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی دو تصویریں شیئر کی ہیں جن میں وہ تُرک صد رجب طیب اردوان کی پینٹنگ بناتی نظر آرہی ہیں۔

ٹوئٹر پرشیئر کردہ تصویروں کے ساتھ رابی پیرزادہ نے تُرک صدر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’رجب طیب اردوان عالمِ اسلام کے عظیم رہنماؤں میں سے ایک ہیں۔‘

رابی پیرزادہ نے لکھا کہ ’اُنہوں نے ہمیشہ اُمت مسلمہ کو متحد رکھنے کے لیے کوششیں کی ہیں اور دُنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف آواز اُٹھائی ہے۔‘

ٓاُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں تُرک صدر کے لیے خواہش ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری خواہش ہے کہ میں یہ پینٹنگ رجب طیب اردوان کو تحفے میں دوں۔‘

واضح رہے کہ رابی پیرزادہ نے شوبز چھوڑنے کے بعد مصوری کو اپنا ذریعۂ معاش بنالیا ہے، اس کے علاوہ وہ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی نظر آتی ہیں۔