کراچی کے کچرے سے بجلی منصوبہ، جلد از جلد ضروری اقدامات کرنے کا فیصلہ، وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس، کورکمانڈر کی شرکت

October 10, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر /ایجنسیاں) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی رابطہ اور عملدرآمد کمیٹی ( پی سی آئی سی ) کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا جس میں کراچی کے کچرے سے بجلی کے منصوبے کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لئے جلد از جلد ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔

اجلاس میں صوبائی وزراء ، ناصر شاہ اور اویس قادر شاہ ، کور کمانڈر کراچی ہمایوں عزیز ، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ ، جی او سی کراچی میجر جنرل عقیل ، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری ساجد جمال ابڑو ، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی ، کمشنر کراچی سہیل راجپوت ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ شارق احمد ، سکریٹری لوکل گورنمنٹ نجم شاہ ، ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں کوڑا کرکٹ اٹھانے کا معاملہ زیربحث آیا جس میں یہ واضح کیا گیا کہ کوڑا کرکٹ کی منتقلی کے 15اسٹیشنوں ( جی ٹی ایس ) میں سے صرف چھ کام کررہے ہیں ، لہٰذا چھ دیگر جی ٹی ایس کی بحالی یا تعمیر نو پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ لینڈ فل سائٹس جو ہیں وہ بہت جلد بھر جائیں گی ، لہٰذا شہر سے جمع ہونے والے کچرے پر ایک پاور پلانٹ لگایا جاسکتا ہے۔ کچرے سے بجلی پیدا کرنے سے نہ صرف یہ کہ کچرے کوتلف کیا جاسکتا ہے بلکہ اس سے زمین کی بھی بچت ہوگی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جلد سے جلد شہر میں جمع ہونے والے کوڑے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر عمل کیاجائے۔ پروجیکٹ میں دلچسپی رکھنے والی فرموں کو اپنی تجاویز پیش کرنے کے لئے مدعو کیا جاسکتا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پانچ نالوں کے سروے کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ گجر نالے کی لمبائی 1 . 3 کلومیٹر ہے جس کی 210 فٹ چوڑائی ماسٹر پلان کے مطابق ہے ، اور 5961 گھر ، 41581 افراد اور 2412 تجارتی یونٹس اس کے پشتوں کے ساتھ قائم ہیں۔ اورنگی نالے کی لمبائی 12 . 5 کلومیٹر ہے ، 100 سے 150 فٹ چوڑائی اور 4480 گھر ، 27000 افراد اس کے پشتے کے ساتھ ساتھ بستیاں اور 380 فیکٹریاں قائم ہیں۔

اسی طرح محمود آباد نالے کی لمبائی 4 . 1 کلومیٹر ہے ، 100 - 200 فٹ چوڑائی ہے ، اس میں 1049 گھرانے ، 5900 انفرادی بستیاں اور اس کے پشتے کے ساتھ 156 تجارتی بستیاں قائم ہیں۔ ملیر ندی کی لمبائی 30 کلومیٹر ہے اور اس کی چوڑائی 2000 - 1700 میٹر ہے اور اس میں 1996 گھرانے ، 12336 انفرادی بستیاں تجاوزات ہیں۔ لیاری ندی کی لمبائی 50 کلومیٹر ، 500 - 300 فٹ چوڑائی ( ماسٹر پلان کے مطابق ہے ) اور یہ سب سے طویل ندی ہے اور اس کے اطراف میں بہت ساری بستیاں ہیں۔