PIA فلائٹس بند، جاپان میں پاکستانی کمیونٹی کا احتجاج

October 10, 2020

قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کی جاپان کے لیے فلائیٹس کی مستقل طور پر بندش کے حکومتی فیصلے نے جاپان میں پاکستانی کمیونٹی کو شدید اضطراب میں مبتلا کردیا ہے اور جاپان میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

پاک جاپان فاؤنڈیشن کے صدر چوہدری آصف محمود نے پی آئی اے کی جاپان کے لیے فلائیٹس کی بندش کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں مقدمہ دائر کرنے کی کاغذی کارروائی مکمل کرلی ہے اور پیر کے روز ہائی کورٹ میں رٹ بھی دائر کردی جائے گی۔

اس حوالے سے پاک جاپان فاؤنڈیشن کے سربراہ چوہدری آصف نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاپان میں مقیم پندرہ ہزار پاکستانیوں کا اپنے ملک سے رشتہ سفارتخانہ پاکستان اور قومی ایئر لائن کے ذریعے ہی جڑا ہوا ہے دنیا کی بہترین ایئر لائنوں کی موجودگی کے باوجود وہ خود اور پاکستانی کمیونٹی پی آئی اے سے سفر کرنا باعث فخر سمجھتے ہیں۔

اسی ایئر لائن کے ذریعے زندگی بھر اپنے ملک کی معاشی رگوں میں ذرمبادلہ کا خون جمع کرنے والے پاکستانیوں کی باقیات پاکستان روانہ کی جاتی ہیں جبکہ گزشتہ چند برسوں سے مکمل نفع میں بھی تھا جبکہ حکومت جاپان کی جانب سے سہولت کی فراہمی کے بعد اب بہت بڑی تعداد میں چینی مسافر قومی ایئر لائن کے ذریعے چین جاتے ہیں اور سیٹیں ملنا بھی مشکل ہوجاتا ہے، ایسے موقع پر ایئر لائن کو مکمل بند کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

چوہدری آصف نے کہا کہ یہ بات ٹھیک ہے کہ کورونا وائرس کے سبب ٹریول انڈسٹری کو شدید معاشی مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن یہ دنیا بھر کی ایئرلائنوں کے ساتھ ہوا ہے حکومت کو چاہیے کہ منصوبہ بندی سے اس مسئلے سے نمنٹے پوری ایئر لائن آپریشن بند کرنا عقلمندی نہیں ہے۔

انہوں نے پاکستان کے معروف قانون دان سید حماد رضا نقوی کے ذریعے پیر کے روز ہائی کورٹ میں حکومتی فیصلے کے خلاف رٹ دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اُمید ہے کہ جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی حمایت سے وہ اس حکومتی فیصلے کو تبدیل کرانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔