کورونا وائرس کے کیس آہستہ آہستہ بڑھنا شروع ہو گئے: یاسمین راشد

October 10, 2020


پنجاب کی وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کہتی ہیں کہ کورونا وائرس کے کیس آہستہ آہستہ بڑھنا شروع ہو گئے ہیں، لوگ حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پچھلے ہفتے ہمارے پاس کورونا وائرس کے شدید بیمار مریض 10 ہوتے تھے تو اب 20 ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں بھی کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، کراچی میں بھی لاک ڈاؤن ہو رہا ہے، یہ نہ ہو کہ ہمیں بھی دوبارہ لاک ڈاؤن لگانا پڑے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ دوبارہ لاک ڈاؤن سے بچنے کے لیے لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ماسک پہنیں اور سماجی فاصلہ رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسموگ سے سانس کی نالی کے انفیکشن پھیلتے ہیں، جب تک کورونا وائرس کی ویکسین نہیں آتی کورونا کی وباء پھیلتی ہی رہے گی۔

وزیرِ صحت پنجاب نے کہا کہ نواز شریف ہمارے پاس آئے تو ان کے پلیٹ لیٹس کاؤنٹ بہت کم تھے، ان کاہم نے علاج کیا، علاج کے ریسپانس میں 8 ہفتے لگتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف جب لندن پہنچے تو ان کی طبیعت میں بہتری آگئی تھی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا یہ بھی کہنا ہے کہ نواز شریف لندن میں اسپتال میں داخل نہیں ہوئے تو ان کی طبیعت ماشا اللّٰہ ٹھیک ہے، نواز شریف طبیعت ٹھیک ہونے پر واپس آ جائیں۔