10 زبانوں پر مکمل عبور رکھنے والا پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور

October 10, 2020

متحدہ عرب امارت کے شہر دبئی میں مقیم پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور حسین سید کو 10 زبانوں پر عبور حاصل ہے، اس صلاحیت نے حسین سید کو دیارِ غیر میں ہیرو بنادیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی میں ٹیکسی چلانے والے پاکستانی حسین سید کو اردو، انگریزی، پشتو، عربی، فارسی اور چینی سمیت دس زبانیں بولنے اور سمجھنے پر مکمل عبور حاصل ہے۔

حسین سید کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے جس میں وہ تمام زبانیں بولتے دکھائی دے رہے ہیں۔


33 سالہ حسین کا ڈاکٹر بننے کا شوق تو پورا نہ ہوا لیکن وہ 14 برس پہلے دبئی آئے اور ٹیکسی چلانا شروع کردیا اور اس دوران زبانیں سیکھنے کا شوق پیدا ہوا جو بڑھتا ہی گیا۔

حسین سید کبھی روس نہیں گئے لیکن وہ روسی زبان روانی سے بول سکتے ہیں۔ وہ ملیالم ایسا بولتے ہیں کہ سننے والے حیران رہ جائیں جبکہ چینی زبان بولنے میں بھی انہیں کوئی مشکل پیش نہیں آتی ہے، تگالوگ بولنے والوں سے گفتگو میں بھی انہیں کوئی مشکل پیش نہیں آتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پشاور کے حسین سید نے سب زبانیں گوگل ٹرانسلیٹر اور دیگر اپلیکیشنز سے سیکھی ہیں۔

حسین سید کا اگلا ہدف ہسپانوی، فرانسیسی اور اطالوی زبانیں سیکھنا ہے۔