میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کیخلاف ملک گیر احتجاج

October 12, 2020

پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

کراچی

کراچی میں جنگ آفس کے باہر احتجاج کیا گیا جس میں سینئر صحافی جاوید قریشی، شکیل یامین کانگا، فرحان الیاس، رانا یوسف، دارا ظفر سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر مظاہرین نے میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

راولپنڈی

راولپنڈی میں جنگ بلڈنگ کے باہر ہونے والے احتجاج میں سینئر صحافی، ناصر چشتی، رانا غلام قادر، آصف علی بھٹی، امجد عباسی، ناصر زیدی سمیت دیگر شریک ہوئے۔

مقررین نے میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کو ملک میں آزادی صحافت پر قدغن لگانے کی سازش قرار دیا۔

لاہور

لاہور میں ڈیوس روڈ پر احتجاجی کیمپ میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے مقامی رہنما آغا عباس، نواز بٹ پہلوان، سینئر صحافی ظہیر انجم، اویس قرنی، عزیز شیخ، فاروق اعوان، شہزاد احمد، محمد علی، طاہر زمان مرزا اور افضل عباس نے شرکت کی۔

پشاور

پشاور میں جنگ جیو دفتر کے باہر احتجاج کیا گیا جہاں شرکاء نے میر شکیل الرحمٰن کی فوری اور باعزت رہائی کا مطالبہ کیا۔

کوئٹہ

کوئٹہ میں جنگ بلڈنگ کے باہر میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کے لیے احتجاج کیا گیا۔

بہاولپور

بہاولپور پریس کلب میں ہونے والے احتجاج میں مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما حماد میرانی، لیگی کارکنوں اور صحافیوں نے شرکت کی۔

نواب شاہ

ایڈیٹر انچیف جنگ جیو میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کے لیے نواب شاہ میں بھی احتجاج کیا گیا۔