مولانا عادل کی شہادت، تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کی 4 رکنی کمیٹی قائم

October 13, 2020


مولانا ڈاکٹر عادل خان اور ڈرائیور کے قتل کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی 4 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

کمیٹی کی سربراہی پولیس چیف غلام نبی میمن کریں گے، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد، ڈی آئی جی ایسٹ اور ایس ایس پی کورنگی کمیٹی میں شامل ہیں۔

تحقیقاتی کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر آئی جی سندھ مشتاق مہر کو پیشرفت سے آگاہ کرے گی۔

اعلامیے کے مطابق کمیٹی آئی جی سندھ مشتاق مہر کی ہدایت پر بنائی گئی ہے، جو اپنی معاونت کے لیے کسی بھی دوسرے یونٹ سے اراکین لے سکے گی۔

اس سے قبل جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عادل خان کی ڈرائیور سمیت شہادت کے واقعے میں اہل خانہ نے مقدمہ درج کروانے سے انکار کردیا تھا۔

اس کے بعد واقعے کی ایف آئی آر ایس ایچ او شاہ فیصل کالونی کی مدعیت میں درج کی گئی، مقدمے میں قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں۔

ایف آئی آر کے مطابق ون فائیو پر فائرنگ کی اطلاع رات پونے 8 بجے موصول ہوئی اور 8 بج کر 50 منٹ پر پولیس جائے وقوعہ پر موجود تھی۔