پریانکا کے کیپشن نے مداحوں کو چکرا دیا

October 14, 2020

بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کو خود سے ملنے کا مقام بتایا ہے جسے پڑھنے کے بعد مداحوں کے دماغ چکرا کر رہ گئے ہیں۔

زندگی سے بھر پور بھارتی دیسی گرل پریانکا چوپڑا نے فوٹو، ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن انسٹا گرام پر اپنے مداحوں کے ساتھ کچھ تصاویر شیئر کی ہیں جن میں وہ خوشگوار موڈ میں خوب اُچھل کود کرتے ہوئے کسی جنگل نما سبز و شاداب مقام پر انجوائے کر رہی ہیں۔

پریانکا چوپڑا نے اپنی انسٹا پوسٹ پر مداحوں کو خود سے ملنے کا مقام بتاتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’چوراہے پر ملتے ہیں‘، جبکہ پریانکا نے اپنے موجودہ پتے سے متعلق لوکیشن میں لکھا ہے کہ وہ یورپ میں کہیں موجود ہیں۔


پریانکا چوپڑا کی پوسٹ پر اُن کے دنیا بھر میں موجود مداحوں کی جانب سے خوب پیار کا اظہار کیا جا رہا ہے اور پریانکا کی تصاویر کو ’کیوٹ ‘ قرار دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی فلم اسٹار پریانکا چوپڑا کا نیا روپ دیکھ کر مداحوں نے اُنہیں ’ملکہ‘ قرار دے دیا تھا۔