ایم کیو ایم کے سابق رکن اسمبلی پیپلز پارٹی میں شامل

October 15, 2020

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سابق رکن قومی اسمبلی علی راشد پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شامل ہوگئے۔

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو اور صوبائی وزیر سعید غنی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ علی راشد پڑھے لکھے منتخب نمائندے رہے ہیں، یہ ایم کیو ایم پاکستان کے ان لوگوں میں شامل ہیں جن پر کوئی الزام نہیں۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ یہ آخری شمولیت نہیں ہے، 18 اکتوبر سے پہلے مزید شمولیت ہوگی۔

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی بتایا تھا کہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے، پیپلز پارٹی میں مزید سابق ایم این ایز اور ایم پی ایز شامل ہو رہے ہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ نیب نے آصف علی زرداری کے وارنٹ جاری کیے ہیں، نیب کو بتانا چاہتا ہوں کہ آصف علی زرداری نہ پہلے کبھی گھبرائے نہ اب گھبرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب نے ہماری بات کو درست کیا کہ یہ گٹھ جوڑ ہے۔